پاکستان میں پیٹرول اب بھی سستا ہے وزیرِ اعظم عمران خان کو غریبوں کا احساس ہے اس لیے زیادہ اضافے سے منع کیا: شوکت ترین
Posted on by
پاکستان میں پیٹرول اب بھی سستا ہے: شوکت ترین
وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ اس وقت پیٹرولیم لیوی دو، ڈھائی روپے ہے، ہم نے پیٹرولیم لیوی کے لیے 600 ارب روپے رکھے ہیں لیکن ہم نے یہ نہیں لگائی، پاکستان میں پیٹرول اب بھی خطے اور دنیا میں سستا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے پٹرول مہنگا کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے لیوی لگانے سے منع کیا ہے، انہیں غریبوں کا احساس ہے اس لیے زیادہ اضافے سے منع کیا، خطے میں پیٹرول کی قیمتوں میں پاکستان 17 ویں نمبر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے ہمیں متاثر کیا ہے، ہم فوڈ امپورٹر بن گئے ہیں، ہم زراعت بڑھانے کے اقدامات کر رہے ہیں، ہم گھی، چینی، دالیں امپورٹ کر رہے ہیں۔
شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان عوام پر بوجھ میں کمی لانا چاہتے ہیں، ہم لوگوں کو مچھلی نہیں دیں گے، مچھلی پکڑنا سکھائیں گے۔
ان کا آئندہ کچھ دنوں میں مہنگائی کم ہونے کا دلاسا دیتے ہوئے کہنا ہے کہ حکومت کو نقصان ہو رہا ہے لیکن فیصلہ کیا کہ نقصان کے باوجود چینی 90 روپے کلو بیچیں گے، غریب طبقے کو براہِ راست سبسڈی دیں گے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ کچھ روز میں گھی کی قیمت 300 روپے فی کلو سے نیچے آ جائے گی، ساڑھے 12 ملین گھرانوں کو ڈائریکٹ فوڈ سبسڈی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 40 فیصد آبادی اس ڈائریکٹ سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکے گی، مڈل مین بہت زیادہ منافع کماتا ہے، پرائس مجسٹریٹ کے عہدے کو دوبارہ سے بحال کیا جا رہا ہے۔
شوکت ترین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کے لیے انتظامی ایکشن لیئے جائیں گے، ایف بی آر نے ہد ف سے زیادہ ریونیو حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت ترقی کرے گی تو اس کے اثرات عوام کو نظر آئیں گے، کامیاب پاکستان پروگرام لانچ کرنے لگے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ چھوٹے کسانوں کو ہر فصل کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے بلا سود قرض دیا جائے گا، کاروبار کے لیے 5 لاکھ روپے بلا سود قرض دیا جائے گا۔
شوکت ترین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر گھرانے کو صحت کارڈ دیا جائے گا، ہر گھرانے سے ایک فرد کو ٹیکنیکل تربیت دی جائے گی۔